نئی دہلی،18/ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالہ کیس میں مرکزی حکومت کی عرضی پر سپریم کورٹ نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ حالانکہ اس دوران عدالت نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو منسوخ کر دیں گے جس میں گوتم کھیتان کے خلاف کالا دھن معاملے میں کارروائی پر روک لگا دی تھی۔مرکز نے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے کہ جس میں کالا دھن قانون کو پیشرو اثرات سے نافذکرنے سے روک دیا گیا تھا اور ملزم گوتم کھیتان کو راحت دے دی تھی۔
عدالت عظمی نے مئی میں ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگا دی تھی جس نے محکمہ انکم ٹیکس کو ملزم گوتم کھیتان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ان کے خلاف کالا دھن رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ہائی کورٹ نے اپنے عبوری حکم میں 1 جولائی 2015 سے اثر والے کالا دھن (غیر اعلانیہ غیر ملکی آمدنی اور جائیداد) اورٹیکس ایکٹ کو نافذ کرنے کی مرکز کی نوٹیفکیشن پر روک لگا دی تھی۔کالے دھن قانون کو نافذ کرنے پر ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ نے اپنے صوابدید کی بنیاد پر ایکٹ کو نافذ کیا تھا جو 1 اپریل، 2016 سے نافذہونا تھا اور پارلیمنٹ کی طرف سے واضح طور پر یہ تاریخ مقرر کی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے ذریعے اس قانون کو سابقہ اثرات کے ساتھ نافذ نہیں کیا جا سکتا۔کھیتان آگسٹا ملزمان میں سے ایک ہیں۔